کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد کے قریب ٹینکر کی ٹکر سے شہری جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ اس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔منگھوپیر پولیس کے اسٹیشن کے ایس ایچ او عمران احمد خان نے بتایا کہ 32 سالہ محمد ابراہیم موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ نیا ناظم آباد مین گیٹ کے قریب کلمہ چوک پر ٹینکر کی ٹکر سے وہ جاں بحق ہوگیا۔واضح رہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک سے افسوس ناک اور دردناک حادثات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ 24 مارچ کو کراچی میں ملیر ہالٹ بس اسٹاپ کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل پر سوار میاں اور حاملہ بیوی کو کچل دیا تھا، حادثے کے دوران جنم لینے والا نومولود بھی دم توڑگیا تھا۔رواں برس ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 221 جبکہ ہیوی ٹریفک کی ٹکر کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 65 ہوچکی ہے۔