پشاور کے مضافاتی علاقے ریگی سفید سنگ میں واٹس ایپ گروپ سے نکالنے پر ایڈمن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا .پشاور کے تھانہ ریگی کے ایس ایچ او معراج خان نے بتایا کہ کہ ریگی کے علاقے میں مقامی افراد اور قبیلے کے لوگوں کا ایک وٹس ایپ گروپ ہے جس میں سے ایک شخص کو نکالنے پر اختلاف پیدا ہوگیا تھا۔پولیس کے مطابق واٹس ایپ گروپ سے نکالنے پر ملزمان اشفاق اور اسحاق نے طیش میں آکر گروپ کے ایڈمن مشتاق نامی شہری کو قتل کیا۔مقتول کے بھائی ہمایوں کے مطابق واٹس ایپ گروپ سے نکالنے پر جھگڑا ہوا تھا جس کے راضی نامہ کیلئے دونوں ملزمان کے پاس جارہے تھے کہ ملزمان نے راستے میں ہم پر فائرنگ کی۔ ہمایوں نے پولیس کو بتایا کہ فائرنگ کے بعد ان کے بھائی اپنی جان بچانے کے لیے قریب ہی واقع ایک پیٹرول پمپ کے کمرے میں چلے گئے جہاں اشفاق نے انھیں گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس نے مقتول کے بھائی ہمایوں خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے 