بلدیہ ٹاؤن رانگڑ محلے میں راشن تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے نوجوان خاتون جاں بحق ہوگئی۔پولیس کے مطابق مدینہ کالونی کے مقامی پارک میں یو سی چیئرمین اور دیگر مخیر حضرات کی جانب سے راشن تقسیم کیا جارہا تھا۔جب پارک کا گیٹ کھولا گیا تو وہاں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے فوری طور پرپارک میں داخل ہونے کی کوشش کی تو بھگدڑ مچنے سے کئی خواتین نیچے گر گئیں زخمی خواتین کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ ایک خاتون راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ خاتون کی عمر 20 سے 25 برس کے درمیان معلوم ہوتی ہے تاہم فوری طور پر خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی۔پولیس حکام کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والی خاتون اسپتال میں زیر علاج ہے جب کہ زخمی ہونے والی ایک خاتون کی شناخت 35 سالہ گل ملک کے نام سے ہوئی دوسری زخمی خاتون سے متعلق معلومات نہیں مل سکیں۔