کراچی میں فارچیونر شہریوں پر چڑھ دوڑی. ایک شخص جاں بحق. گاڑی نذرِ آتش

کراچی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔ اتوار کی شب گلشن اقبال تھانے کی حدود میں ڈسکو بیکری سے مسکن چورنگی کی جانب جانے والی تیز رفتار فارچیونر گاڑی گرین بیلٹ توڑتے ہوئے مخالف سمت میں بیٹھے شہریوں سے جا ٹکرائی۔ گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔حادثے کے بعد موقع پر موجود افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے گاڑی میں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد آگ لگادی۔ ترجمان ایس ایس پی ضلع شرقی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 42 سالہ سلیم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والا شہری ذیشان ہے جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ایس ایچ او گلشن کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور سمیت تین افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا جہاں ان سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر گرین بیلٹ کراس کرتے ہوئے مخالف سمت میں جا پہنچی جہاں ہوٹل کے باہر کرسیوں پر بیٹھے دو افراد کو کچل دیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کو آگ لگانے میں مبینہ طور پر ملوث 3 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں