ٹیسلا و اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار لنک کی سروس دنیا بھر میں متاثر ہوگئیں جس کے باعث کئی صارفین انٹرنیٹ سے محروم ہوگئے۔صارفین کی اطلاعات پر مبنی ایک آن لائن ٹریکنگ پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق امریکہ اور یورپ میں صارفین نے سہ پہر تقریباً 3 بجے کے قریب سروس بند ہونے کی شکایات رپورٹ کرنا شروع کیں۔ مجموعی طور پر 61 ہزار سے زائد صارفین نے سروس بند ہونے کی اطلاع دی۔رپورٹ کے مطابق اسٹار لنک کی عالمی سطح پر بندش کے باعث امریکا، کینیڈا اور یورپ کے کئی ممالک میں رہنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دنیا بھر کے تقریباً 140 ممالک میں 60 لاکھ سے زائد صارفین کو انٹرنیٹ فراہم کرنے والی اسٹارلنک نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بندش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم فعال طور پر مسئلے کا حل نافذ کر رہے ہیں۔بعدازاں اسٹار لنک انجینئرنگ کے نائب صدر مائیکل نکولز نے ایکس پر بتایا کہ سروس تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد بحال کردی گئی ہے.اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے بھی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ سروس بند ہونے پر معذرت خواہ ہوں۔ اسپیس ایکس اس کی بنیادی وجہ کو دور کرے گا تاکہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔ انٹرنیٹ سروس کو جلد ازجلد مکمل طور پر بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور صارفین سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
