ایوان صدرمیں صحافیوں سےغیررسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ ہماری اولین ترجیح ہے پانی کے معاملے پر ہمارا جینا مرنا ہے 6 کینالز کا معاملہ ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں اور اس معاملے پر بھرپور انداز اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ تحریک شروع کریں گے۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے معاملے پر حکومت کو مزید اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا دہشتگردی کا خاتمہ ہم سب نے مل کر کرنا ہے پارلیمانی قومی سلامتی اجلاس کے بعد خود بلوچستان جا کر امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مذید کہنا تھا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو نشان پاکستان کا اعزاز ملنا کسی اعزازسے کم نہیں بانی پیپلزپارٹی اور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کو بعد ازشہادت اعلی ترین سول اعزاز ملنا تاریخ کا اہم سنگ میل ہے آئینِ پاکستان کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو کے لیے اس اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشانِ پاکستان کا اعزاز بھٹوازم کے نظریے کی ایک اور فتح ہے۔بلاول بھٹو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بھٹوازم کی پیروکار ہے اور اپنے شہید بانی کے مشن پر ہمیشہ گامزن رہے گی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں حکومت کو عوام دوست اور ملازمین دوست بجٹ کے حوالے سے بہترین تجاویز دیں گے امید ہے کہ بجٹ میں ہماری سفارشات کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔