اسد قیصر نے مذاکرات میں رکھے گئے مطالبات بتا دیے

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھاکہ ہم نے حکومت کے سامنے 3 پوائنٹس رکھے ہیں، ملک میں لاقانونیت بند کی جائے.بانی پی ٹی آئی اور سیاسی اسیر رہا کیے جائیں. 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا فوجی عدالتوں کے ٹرائل اور فیصلوں پر ہمیں بھی مایوسی ہے. یورپی یونین اور برطانیہ حکومت کے ملٹری کورٹس ٹرائل پر تحفظات ہیں، ہماری جدوجہد ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے، اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال کی وجہ سے حکومت کو ایک راستہ دیا ہے. ہم نے ہر صورت میں آئین و قانون کے مطابق ملک کے معاملات چلانے ہیں.بحیثیت ذمہ دار سیاسی جماعت کے ہم چاہتے کہ ملک کو بحران سے نکالیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا عمران خان کے مقدمات پر سروے کرا لیں، 99 فیصد لوگ ان کیسز کو غلط کہیں گے، ہم کوئی رعایت نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ یہ کارروائیاں غیر قانونی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں