جمعرات کو علی الصبح پنجاب کا موسم شدید خراب ہونے اور طوفان باد و باراں کے باعث اسلام آباد سے دبئی کی غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز بھارتی حدود میں گھس گئی جو 12 منٹ بعد واپس پاکستانی حدود میں آسکی۔ طوفان باد و باراں کے دوران پاکستان سے اوور فلائنگ کی درجن سے زائد پروازیں مشکل کا شکار رہی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام اباد سے امارات ائیر کی پرواز ای کے 715 صبح 4 بجے دبئی کیلئے روانہ ہوئی تو شدید بارش اور طوفان باد و باراں جاری تھا۔ جس کی وجہ سے پرواز روٹ سے بھٹک گئی اور نارووال کے قریب سے صبح 4 بج کر 25 منٹ پر بھارت کی فضائی حدود میں داخل ہوگئی۔ بوئنگ 777 طیارہ امرتسر سے چکر کاٹ کر قصور کے قریب سے 4:36 بجے واپس پاکستانی حدود میں داخل ہوا اور دبئی کے روٹ پر جاکر منزل پر پہنچا۔اس کےعلاوہ ٹائپی سے پیرس، باکو ،اسلام آباد، اسلام آباد، لندن، منیلا استنبول، دہلی استنبول، مسقط اور استنبول سے لاہور کی پروازیں بھی پاکستانی فضائی حدود میں مشکل کا شکار رہیں۔بینکاک سے لندن کی تھائی ائیر کی پرواز پاکستانی حدود میں 15 منٹ تک چکر کاٹتی رہی۔
