پاکستان شوبز کے 71 سالہ سینئر اداکار انور علی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔میڈیا رپورٹس کےمطابق اداکار انور علی طویل عرصے سے پھیپھڑوں اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔فیملی ذرائع کے مطابق انور علی لاہور کے نجی ہسپتال میں داخل تھے۔ گزشتہ شب انہیں طبیعت خراب ہونے پر رائیونڈ روڈ کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ انہوں نے اپنی آخری سانسیں لیں۔انور علی نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا جہاں ان کی برجستہ گفتگو اور مزاحیہ جملے سننے والوں کو بہت پسند آئے۔ ریڈیو کے بعد انہوں نے تھیٹر اور اسٹیج کا رخ کیا اور کامیڈی کی دنیا میں ایک نیا انداز متعارف کرایا۔ابابیل، ہوم سویٹ ہوم اور اندھیرا اجالا سمیت انور علی کے درجنوں ٹی وی ڈراموں نے عوام میں خاصی مقبولیت حاصل کی تاہم کافی عرصہ پہلے انہوں نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا اور ان کا رجحان مکمل طور پر مذہب کی طرف ہوچکا تھا۔