امریکا کے وسطی علاقوں میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔امریکا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں درجنوں عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست اوکلاہوما میں 130 سے زائد مقامات پر آگ لگ گئی۔ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ 36 ہزار صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔کنساس میں ہائی وے پر آندھی کے باعث 50 سے زائد گاڑیاں ٹکرا گئیں۔پولیس اور موسمیاتی ماہرین کے مطابق یہ طوفان امریکی وسط مغرب اور جنوب مشرقی علاقوں میں رات بھر شدید تباہی مچاتا رہا۔کئی مکانات اور عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔حکام نے ریاست اوکلاہوما اور جارجیا میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئےمزید طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے.موسمیاتی ماہرین نے امریکا کی 17 ریاستوں کو شدید طوفان سے خبردار کردیا۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق کیلی فورنیا، کینٹکی، مسی سپی، ایلی نوائے، ٹیننسی، مسوری اور الباما سمیت امریکا کی سینٹرل اور مشرقی ریاستوں میں شدید طوفان کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اسے ایک بڑا اور خطرناک طوفان بتایا جارہا ہے جو اتوار تک ریاستوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔میسوری اسٹیٹ ہائی وے پٹرول نے ایکس پر ایک بیان میں طوفان سے متعلق 11 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ میسوری کی وین کاؤنٹی میں 6، اوزارک کاؤنٹی میں 3 اور بٹلر اور جیفرسن کاؤنٹی میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، میسوری ہائی وے پٹرول نے تفصیلات بتائے بغیر ایکس پر بتایا کہ طوفان میں 7 دیگر افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ریاست آرکنساس میں حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے ہیں۔