ایرانی میڈیا کے مطابق ایران قطر کی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی پر رضامند ہو گیا ہے ایران نے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کردی۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ اور وینس نے اسرائیل ایران جنگ بندی کی تجویز پر قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بات کی، ٹرمپ نے امیر قطر کو بتایا کہ اسرائیل جنگ بندی کے لیے متفق ہے۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے امیر قطر سے کہا کہ ایران کو جنگ بندی پر راضی کرنے میں مدد کریں اور پھر قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبد الرحمان الثانی نے ایرانی حکام کے ساتھ گفتگو میں انہیں امریکی جنگ بندی کی تجویز پر متفق کر لیا۔ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق تہران کے وقت کے مطابق صبح 4 بجے تمام فوجی کارروائیاں مکمل طور پر بند کر دی گئیں۔ وزیر خارجہ نے تصدیق کی کہ جنگ بندی سے قبل ایران کی دفاعی کارروائیاں صبح 4 بجے تک جاری رہیں۔امریکی صدر کے جنگ بندی کے اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے پیر کی سہہ پہر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے فون پر بات کی جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس، روبیو اور وٹکوف نے ایرانیوں سے براہ راست اور بالواسطہ بات کی۔وائٹ ہاؤس عہدیدار کے مطابق اسرائیل نے اتفاق کیا کہ ایران نے مزید حملے نہیں کیے تو وہ جنگ بندی کے لیے تیار ہے جبکہ ایران نے امریکا کو عندیہ دیا کہ وہ مزید حملے نہیں کرے گا
