امریکی وزیر جنگ نے دنیا بھر میں تعینات جرنیلوں کو امریکہ طلب کرلیا امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اگلے ہفتے ورجینیا کے کوانٹیکو میں دنیا بھر سے سینئر امریکی جرنیلوں کو اجلاس کے لیے طلب کرلیا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ پیٹ ہیگسیتھ نے اتنے کم نوٹس پر امریکی جرنیلوں اور ایڈمرلز کو ایک جگہ کیوں بلایا ہے.تبصرہ طلب کرنے پر پینٹاگون کے ترجمان شان پرنیل نے صرف یہ کہا کہ وزیرِ جنگ آئندہ ہفتے کے آغاز میں اپنے امریکی جرنیلوں اور سینئر فوجی رہنماؤں سے خطاب کریں گے۔پرنیل کے دفتر نے اس بارے میں سوالات کا جواب نہیں دیا کہ کتنے افسر ہوں گے اجلاس کا مقصد کیا ہے یا ہیگسیتھ نے اتنی اچانک طلبی کیوں کی تاہم وائٹ ہاؤس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا کہ اس قسم کا اجلاس بالکل غیر معمولی نہیں ہے۔امریکا کے فوجی جرنیلوں کو دنیا بھر میں تعینات کیا گیا ہے جن میں جنوبی کوریا، جاپان اور مشرقِ وسطیٰ جیسے دور دراز مقامات بھی شامل ہیں اور ان کی کمان 2، 3 اور 4 اسٹار جرنیل اور ایڈمرلز کے ہاتھ میں ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی جگہ پر امریکی فوجی جرنیلوں کا اجلاس غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے۔