اوپن اے آئی کی جانب سے ایک نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس ماڈل مفت جاری کردیا گیا .اوپن اے آئی کا یہ نیا اے آئی ماڈل مفت دستیاب ہوگا البتہ اس کا استعمال کسی حد تک محدود ہوگا۔اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے ڈیپ سیک کے چیلنج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ ہم زیادہ بہتر ماڈل زیادہ تیزی سے پیش کریں گے۔کمپنی کے مطابق اس کی جانب سے پراڈکٹس لانچ کرنے کے عمل کی رفتار بڑھائی جا رہی ہے اور ایسا اس وقت کیا جا رہا ہے جب اوپن اے آئی کے مقابلے پر ایک چینی کمپنی ابھر کر سامنے آرہی ہے۔ڈیپ سیک کے آر 1 ماڈل کو متعارف کرائے جانے کے بعد 23 جنوری کو سام آلٹمین نے o3 منی کو متعارف کرانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جو کمپنی کے طاقتور ترین o3 ماڈل کا کم طاقتور ورژن ہے۔ اوپن اے آئی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہم پہلی بار منظقی صلاحیتیں رکھنے والے ماڈل کو ہمارے مفت صارفین کے لیے متعارف کرا رہے ہیں.اوپن اے آئی کے مطابق o3 منی ماڈل سابقہ 01 ماڈل جیسا ہی ہے جو ریاضی، کوڈنگ اور سائنس کے شعبوں میں صارفین کی مدد کرے گا مگر اس کی لاگت سابقہ ماڈل کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہے جبکہ یہ زیادہ تیز ردعمل ظاہر کرتا ہے۔تاہم مفت صارفین کو اس ماڈل کے استعمال کے دوران سب سے زیادہ پابندیوں کا سامنا ہوگا۔