اگلے چیف جسٹس کے لیے جسٹس منصور کی مکمل حمایت کرتے ہیں: عمران خان

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا ہے، حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہئیں، یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپر نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا، راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے سب واضح ہو گیا، نیب ترامیم کیس چل رہا تھا، تب بھی کہا ہماری درخواستیں سنیں لیکن نہیں سنا گیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پی ٹی آئی کو باہر رکھنا اور پارٹی کو اڑا دینے کی کوشش تھی، اب سب بے نقاب ہو چکا ہے اور سارے پردے ہٹ چکے ہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ سے جمہوری طریقے سے کیس لگنے کی خلاف ورزی کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں