متحدہ قومی موومنٹ لندن کے سینئر رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ بانی الطاف حسین کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔لندن میں مقیم سینئر پارٹی رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے بتایا کہ ایم کیو ایم بانی کا علاج جاری ہے اور امید ہے کہ انہیں کوئی سنجیدہ نوعیت کی بیماری نہیں ہے۔ایک ویڈیو پیغام میں عزیز آبادی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی طبیعت کل کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کو حال ہی میں لندن میں شدید بیماری کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ مصطفیٰ عزیز آبادی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے کچھ ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اب ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے جبکہ ڈاکٹرز ٹیسٹ رپورٹس کے مطابق ان کا علاج کر رہے ہیں۔دوسری جانب ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر قاسم علی کی جانب سے بھی ایک تازہ اپ ڈیٹ میں کہا گیا کہ ڈاکٹروں نے بانی ایم کیو ایم کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے اور گزشتہ روز کی ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں علاج جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خون کی کمی کے باعث ڈاکٹروں نے الطاف حسین کو بلڈ ٹرانسفیوژن جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔
