عالمی شہرت یافتہ کرپٹو ایکسچینج بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔وفاقی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں کرپٹو معیشت کے منظرنامے کو نئی جہت دینے والے ایک تاریخی اقدام میں بائنانس کے بانی اور ویب 3کے سب سے بااثر رہنماؤں میں شمار ہونے والے چانگ پینگ ژاؤ عرف سی زیڈ کو باضابطہ طور پر پاکستان کرپٹو کونسل کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔اس تقرری کا باضابطہ اعلان اسلام آباد میں ہونے والی ایک اعلیٰ سطح کی ملاقات کے دوران کیا گیا جس میں پینگ ژاؤ اور پاکستان کرپٹو کونسل کے نمائندگان شریک ہوئے۔ملاقات میں چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، گورنر اسٹیٹ بینک، اور وزارت قانون و آئی ٹی کے سیکریٹریز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کا مقصد پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے حکمت عملی وضع کرنا تھا۔اپنے دورہ پاکستان کے دوران پینگ ژاؤ نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں انھوں نے کرپٹو صنعت میں سرمایہ کاری، ضابطہ سازی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔کونسل کے اسٹریٹجک مشیر کی حیثیت سے سی زیڈ ضوابط، انفراسٹرکچر اور تعلیم ا سے متعلق امور پر مشاورت فراہم کریں گے اور حکومت پاکستان و نجی شعبے کے ساتھ مل کر ایک جامع، شفاف اور عالمی معیار کا کرپٹو نظام تشکیل دینے میں کردار ادا کریں گے۔