این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری شدید بارشوں کے باعث اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم نے لوگوں سے تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ حساس علاقوں کے مکینوں کو ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے متعدد اضلاع بشمول لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں اگلے 12 گھنٹوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
