لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے بتایا کہ مذکورہ فیک نیوز ملزم فرحان کی جانب سے شیئر ہونے سے پہلے ہی پھیل چکی تھی۔ تفتیشی افسر کے مطابق ہر طرح سے تحقیقات کی گئیں مگر ملزم کےخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔
عدالت نے سوال کیا کہ ملزم نے یہ خبر کس کے ساتھ شیئر کی اور کب ڈیلیٹ کی جس پر ملزم فرحان آصف نے بتایا کہ میں نے 6 گھنٹے بعد اس خبرکو ڈیلیٹ کردیا تھا۔ جس پر عدالت نے ملزم فرحان آصف کی استدعا منظور کرتے ہوئے اسے بری کردیا۔
یاد رہے لاہور پولیس نے برطانیہ میں ہنگاموں کا باعث بننے والی فیک نیوز پھیلانے کے الزام میں فرحان آصف کو گرفتار کیا تھا اور اسے ایف آئی اے کے حوالے کردیا تھا۔
اس فیک نیوز میں یہ خبر دی گئی تھی کہ برطانوی شہر ساؤتھ پورٹ میں 3 بچیوں کو ہلاک کرنے والا شخص ایک مسلمان تارک وطن ہے جبکہ حقیقت یہ تھی کہ اس واقعے کے 17 سالہ ملزم کا تعلق روانڈا سے تھا۔