بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اور سینئر اداکار ستیش شاہ 74 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے ستیش کی موت کی خبر ان کے قریبی دوست اور فلم ساز اشوک پنڈت نے دی، انہوں نے ایکس پوسٹ میں تصویر اور ویڈیو پیغام کے ساتھ کیپشن ستیش شاہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ چند گھنٹے قبل گردو کے فیل ہونے سے وہ چل بسے۔ انہیں گھر میں طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی میت کو جلد باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر منتقل کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ستیش شاہ کی آخری رسومات کل ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔موت سے ایک روز قبل انہوں نے ایکس پر اپنی آخری پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے آنجھانی اداکار شمی کپور کی یاد میں جذباتی کلمات لکھے تھے۔آنجھانی اداکار شمی کپور کی یاد میں پوسٹ کرنے کے ایک روز بعد خود بھی ستیش شاہ چل بسے چار دہائیوں پر محیط کیریئر میں ستیش شاہ نے بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی ورسٹائل اداکاری سے منفرد مقام بنایا۔انہوں نے 1970 کی فلم بھگوان پرش سے بولی ووڈ میں قدم رکھا اور دہائی بعد امراؤ جان اور البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے جیسی فلموں میں پہچان بنائی۔کلٹ کامیڈی جانے بھی دو یارو میں لاش کا کردار ان کا سب سے یادگار رہا اس کے علاوہ انہوں نے دل والے دلہنیا لے جائیں گے ، ہم آپ کے ہیں کون، ہیرو نمبر ون، مین ہوں نا اور فنا جیسی ہٹ فلموں میں بھی کام کیا۔انہوں نے سلمان خان، شاہ رخ خان، عامر خان اور سیف علی خان سمیت تقریبا تمام بڑے بولی وڈ اسٹارز کے ساتھ کام کیا۔اس کے علاوہ اداکار نے چھوٹی اسکرین پر بھی قسمت آزمائی کی تھی اور وہاں بھی ہٹ ڈرامے دے چکے ہیں۔ انہوں نے ڈرامہ سیریل یہ جو ہے زندگی کی 55 اقساط میں 55 مختلف کردار ادا کیے تھے۔ستیِش شاہ اپنے پیچھے اہلیہ مدھو شاہ کو چھوڑ گئے ہیں جو ایک معروف ڈیزائنر ہیں۔ اداکار کو آخری بار سال 2017 میں سارا بھائی ورسس سارا بھائی کے ریبوٹ میں دیکھا گیا تھا۔