ویسے تو خیال کیا جاتا ہے کہ زیادہ میٹھا کھانے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
مگر موجودہ عہد میں بیشتر افراد کی پسندیدہ غذاؤں کو کھانے سے بھی اس دائمی مرض کا خطرہ بڑھتا ہے۔
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال آپ کو ذیابیطس ٹائپ 2 کا شکار بنا سکتا ہے۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، وغیرہ شامل ہیں۔
تحقیق میں دیکھا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے درمیان کیا تعلق موجود ہے۔
روزمرہ کی غذا میں الٹرا پراسیس غذاؤں کی مقدار میں ہر 10 فیصد اضافے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 17 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے کم از کم استعمال سے اس دائمی مرض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔