تھائی لینڈ: بیماری میں بھی چھٹی نہ ملی، خاتون کی دوران ملازمت موت واقع ہوگئی

تھائی لینڈ میں فیکٹری میں کام کرنے والی خاتون کو بیماری میں بھی چھٹی نہ ملی جس سے خاتون کی موت واقع ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 30 سالہ خاتون مئی کا تعلق تھائی لینڈ سے تھا اور وہ مقامی انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک الیکٹرانکس کمپنی میں کام کرتی تھی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ خاتون بڑی آنت میں سوجن میں مبتلا تھیں اور وہ 4 دن تک اسپتال میں زیر علاج بھی رہی لیکن گھر جانے کے بعد بھی خاتون کی حالت میں بہتری نہیں آئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 12 ستمبر کو خراب حالت کی وجہ سے خاتون نے منیجر سے چھٹی کی درخواست کی جسے منیجر نے مسترد کرتے ہوئے اسے کام پر واپس آنے اور ایک نئی میڈیکل درخواست پیش کرنے کا کہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھنے کے خوف سے خاتون نے 13 تاریخ کو دوبارہ معمول کے مطابق فیکٹری میں آکر اپنا کام شروع کردیا لیکن 20 منٹ بعد ہی ان کی طبعیت خراب ہونا شروع ہوگئی۔

خاتون کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی ہنگامی سرجری کی گئی لیکن بدقسمتی سے آنتوں کی پیچیدگیوں کی وجہ سے اگلے دن ان کی مو ت ہوگئی۔

کمپنی کی جانب سے خاتون کی موت پر ایک بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے معذرت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں