حکومتی اتحاد دو تہائی اکثریت کے قریب پہنچ گیا

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کو آج رات کے کھانے پر بُلا لیا ہے،جمعیت علمائے اسلام کو شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ صدر زرداری کی دعوت پر پیپلز پارٹی اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز آج رات ایوان صدر میں جمع ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر اور وزیراعظم معاشی صورت حال اور مجوزہ قانون سازی پر شرکا کو اعتماد میں لیں گے،حکومت ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے اور اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعداد بڑھانے سمیت ایک آئینی پیکج لانا چاہتی ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حکومتی اتحاد قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا، جے یو آئی کی حمایت حاصل ہوئی تو حکومت کو مزید تین ووٹ درکار ہوں گے۔سینیٹ میں حکومت کو مطلوبہ 64 ووٹ ملنے کی قومی امید ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ان کے گھر پر ملاقاتیں کی تھیں۔ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے مولانا فضل الرحمان انتشاری ٹولے کی سیاست مسترد کردیں گے، حکومت کوشش کرے گی کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور ہوں۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان بھی حکومت سے تعاون پر تیار ہوگئے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ فارم 45 کی ہو یا فارم 47 کی، اب یہی حکومت ہے، اسی سے کام لینا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں