وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اگست کے بجلی بل معاف کر دیے۔وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اقدامات کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین سے اگست کے بلوں کی وصولی سے فوری طور پر روک دیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بِلوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین سے اگست 2025 کے بجلی کے بلوں کی وصولی سے فوری طور پر روک دیا اور کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی کے بلوں کے حوالے سے تفصیلی پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جن سیلاب متاثرہ صارفین سے اگست 2025 کا بجلی کا بل وصول کیا جا چکا ہے وہ آئندہ ماہ ایڈجسٹ کردیا جائے گا۔ادھرو فاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے بجلی کے بل معاف کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بروقت اور عوام دوست فیصلے پر شکر گزار ہوں۔وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ پاور ڈویژن اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے گا۔
