بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال نے 7 سال سے زائد عرصے تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد شادی کا فیصلہ کیا تھا۔
رواں برس جون میں سوناکشی اور ظہیر نے ممبئی میں گھر پر منعقدہ تقریب میں رجسٹرڈ میرج کی، شادی کے بعد سوناکشی اور ظہیر کی جانب سے ایک شاندار استقبالیہ دیا گیا جس میں سلمان خان، ہما قریشی، ریکھا اور کاجول سمیت نامور بالی وڈ ستاروں نے شرکت کی۔
اس حوالے سے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران سوناکشی سنہا نے کھل کر بات کی اور ظہیر اقبال سے اپنے رشتے کو خفیہ رکھنے کی وجہ نظر کو قرار دیا۔
سوناکشی نے واضح کیا کہ ان کے فیصلے کے پیچھے کوئی بڑا راز پوشیدہ نہیں تھا۔
اداکارہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری ملاقات ہوئی اور ہمیں پیار ہوگیا، ہم باہر ملنے لگے، مجھے بہت جلد احساس ہو گیا تھا کہ یہ مستقل ہے لیکن ظہیر نے فیصلہ کرنے میں وقت لیا اور پھر اس فیصلے کے بعد عوامی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ سامنے آنا ہمارے لیے آسان ہوگیا‘۔
دوسری جانب اسی انٹرویو میں سوناکشی سے محبت سے متعلق ظہیر اقبال کا کہناتھا کہ ’ آغاز میں مجھے لگا سوناکشی کیلئے میرے جذبات صرف دلچسپی کی وجہ ہے لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا میرے جذبات مزید گہرے ہوتے گئے، اگرچہ میں پہلے دن سے جانتا تھا کہ سوناکشی وہی لڑکی ہے لیکن میں نے اسے بہت بعد میں قبول کیا‘۔
خیال رہے کہ سوناکشی سنہا کے مسلمان دوست ظہیر اقبال سے شادی کے اعلان پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا تھا اور خاندان میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔