چین نے سکڑتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے اور شادی کی ترغیب دلانے کیلئے نوجوان جوڑوں کو تحفے کے طور پر نقد رقم دینے کا اعلان کردیا گیا۔چین کی آبادی میں گزشتہ تین سالوں سے مسلسل کمی واقع ہورہی ہے جبکہ یہاں نوجوانوں کے مقابلے میں عمر رسیدہ افراد کی شرح زیادہ ہے۔چین کے شہر لولیناگ کا شمار ان متعدد شہروں میں ہوتا ہے جہاں کی مقامی انتظامیہ شادی کرنے پر 1500 یوان یعنی 205 ڈالر انعام کے طور پر دے رہی ہے.لولیناگ میں نوبیاہتا جوڑوں کیلئے مختص 1500 یوآن کی رقم دراصل ایک ماہ کی اوسط اجرت کے نصف کے برابر ہے۔تاہم اس کے باوجود نوجوان شادی کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے۔شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی رقم شادی جیسی ایک بڑی تبدیلی کیلئے ناکافی ہے۔ماہرین کے مطابق بچوں کی پرورش، تعلیم کے اخراجات اور نئے گریجویٹس کیلئے روزگار کے بڑھتے ہوئے چیلنجز ایسے عوامل ہیں جو شادیاں کرنے یا بچے پیدا کرنے کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔لولیناگ کی مقامی انتظامیہ نے بچے کی پیدائش پر میڈیکل انشورنس دینے کا بھی اعلان کر رکھا ہے، پہلے بچے کی پیدائش پر 2 ہزار یوآن جبکہ دوسرے پر 5 ہزار اور تیسرے پر 8 ہزار یوآن شادی شدہ جوڑوں کو دیے جاتے ہیں۔