وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور صوبائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔علی امین گنڈا پور صبح 9 بجے اڈیالہ جیل پہنچے جہاں ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کروائی گئی۔ یہ ملاقات دو گھنٹے کے دورانیے پر محیط تھی.بیرسٹرسیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سےملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن وامان، سیکیورٹی اور متعلقہ معاملات پرتفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے تمام اہم معاملات پر بانی چیئرمین عمران خاں کو اعتماد میں لیا۔ذرائع نے بتایا کہ علی امین نے عمران خان کو خیبر پختونخوا کی گورننس سے متعلق مسائل اور صوبے کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ کو پارٹی پالیسیوں، عوامی ریلیف کے اقدامات اور تنظیمی معاملات پر رہنمائی فراہم کی۔مشیراطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبے میں امن وامان کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا ملاقات میں افغانستان سے مذاکرات کے معاملے پربھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کو افغانستان کے ساتھ رابطہ کاری اور مذاکرات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بیرسٹرسیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا اختلافات پیدا کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں بے بنیاد اور منفی بیان بازی کرنے اور اندرونی اتحاد کو مجروح کرنے والوں کا سدباب کرنے کی ہدایت کی ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی سے ملاقاتوں پرپابندی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کل سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کریں گے۔
