نو مئی واقعات میں سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کے فوجی ٹرائل ہو رہے ہیں وہ سیاسی قیدی ہیں، بانی پی ٹی آئی کا فوجی ٹرائل نہیں ہو گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا تھا عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوا تو سب کے سامنے ہو گا، بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل کے لیے فوج کو کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
اختر مینگل کے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا اختر مینگل سے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لے لیں، بلوچستان آگ میں جل رہا ہے لیکن کسی کو فکر نہیں۔
ان کا کہنا تھا بجلی سستی کرنے کا اعلان کر کے اگلے دن ہی بجلی منہگی کردی گئی، فارم 47 کی حکومت منہگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا اگر 9 مئی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں، اپوزیشن جماعت ملک اور جمہوریت کی بقا کی جدو جہد کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عمر ایوب کا کہنا تھا چینی اور گندم اسکینڈل میں محسن نقوی براہ راست ملوث ہیں، گندم اسکینڈل کی انکوائری ایف آئی اے کر رہی ہے جو محسن نقوی کے ماتحت ہے۔
عمر ایوب