پشاور: مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کا اسرائیل کے بارے میں مؤقف واضح ہے، حکومت کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے۔
اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ میں شائع مضمون پر ردِعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر یہودی میڈیا نے بانی پی ٹی آئی کی تعریف کی ہے تو بانی پی ٹی آئی کو اس کی وضاحت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پہلے ان لوگوں کو مودی سے تعلقات اور بھارتی انجینئرز کی وضاحت دینی چاہیے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لگتا ہے رانا ثنااللہ ،عطاتارڑ اور خواجہ آصف کو کسی نے خبر نہیں دی کہ علی امین نے اٹک کراس کیا، وزیراعلیٰ کے پی نے جعلی وفاقی حکومت کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں، وفاقی وزرا کو پی ٹی آئی کے خلاف پریس کانفرنسز کے لیے بٹھایا گیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے ایک آرٹیکل میں بانی پی ٹی آئی کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیا گیا ہے۔
اسرائیلی اخبار کے آرٹیکل میں کہا گیا کہ اسرائیل دوست خارجہ پالیسی کے اسٹریٹجک فوائد ہیں لیکن پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ سے مزاحمت کا سامنا ہے، فوجی اسٹیبلشمنٹ نے طویل عرصہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کومعمول پر آنے سے روکا اس لیے اسرائیل سے تعلقات کیلئے پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت کو بدلنا ہوگا کیونکہ عمران خان اسرائیل کے حمایتی اور اسٹیبلشمنٹ و سیاسی قیادت کے مخالف ہیں۔