فرانس کے 2027 میں ہونے والے صدارتی الیکشن کی دوڑ میں سروے میں سب سے آگے نظر آنے والی رہنما عدالت سے نااہل قرار دیدی گئی۔فرانس کی ایک عدالت نے انتہائی دائیں بازو کی قوم پرست جماعت نیشنل ریلی کی خاتون رہنما مارین لے پین کو بدعنوانی کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں پانچ سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دیا ہے ۔ جس کے تحت اب وہ فرانس کے 2027ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گی۔ عدالت نے انہیں چار سال کی سزائے قید بھی سنائی ہے، جس میں سے دو سال کی سزا معطل تصور کی جائے گی جبکہ باقی دو سال انہیں الیکٹرانک ٹیگ کے ساتھ ان کے گھر پر نظر بند رکھا جائے گا۔ جبکہ انہیں ایک لاکھ یورو جرمانہ بھی بھرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ مارین اور ان کی جماعت کی 2 درجن دیگر شخصیات پر یورپی یونین کے فنڈز سے چار ملین یورو سے زیادہ کی رقوم خرد برد کرنے کا الزام تھا۔ان رہنماؤں نے یہ رقم 2004 اور 2016 کے درمیان پارٹی ورکز کو تنخواہیں دینے کے لیے استعمال کیا تھا۔