افغانستان کی ایئر لائن آریانا ایئر نے ایک اعلامیے میں بتایا ہے کہ افغان حکومت کی ہدایت پر 16 نومبر سے کمپنی افغانستان کی مصنوعات انڈیا پہنچانے کے لیے ایئر کارگو کا آغاز کر رہی ہے۔پاکستان اور افغانستان کی تجارتی گزرگاہیں بند ہونے کی وجہ سے دونوں ممالک کی درآمدات اور برآمدات متاثر ہوئی ہیں اور اسی وجہ سے افغانستان متبادل ذرائع کی تلاش میں ہے۔آریانا ایئر لائن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اب افغان مصنوعات کم قیمت پر انڈیا بھی پہنچائی جائیں گی اور تاجر اس سہولت سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔آریانا ایئر نے قیمتوں کے بارے میں لکھا ہے کہ ایک کلو برآمدات کی فی کلو قیمت 224 پاکستانی روپے جبکہ فی کلو درآمدات کی قیمت تقریباً 280 پاکستانی روپےہو گی۔ تاجروں کے مطابق افغانستان کی مصنوعات بذریعہ طیارہ انڈیا پہنچانا دوگنا نہیں بلکہ زمینی راستے سے چار گنا مہنگا پڑتا ہے۔اگر فی کلو ایک ڈالر کا حساب لگایا جائے تو 20 ہزار کلو کا کنٹینر 20 ہزار ڈالر پڑے گا جو تقریباً 55 لاکھ روپے بنتے ہیں لیکن زمینی راستے پر اسی 20 ہزار کلو کے کنٹینر کو افغانستان سے براستہ پاکستان انڈیا پہنچانے پر آٹھ سے 10 لاکھ تک خرچہ آتا ہے۔افغانستان پہلے سے کچھ ممالک کو بذریعہ طیارہ کارگو سپلائی کرتا ہے، تاہم وہ مجموعی برآمدات کا بہت کم حصہ ہے۔