نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈکی بھائی کے خلاف مختلف مقدمات میں تحقیقات جاری تھیں اور ان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ میں شامل تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹک ٹاکر ڈکی بھائی کو سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد پھیلانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ڈکی بھائی بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم ان کا نام پہلے ہی پی این آئی ایل فہرست میں شامل تھا جس کے باعث انہیں ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔واضح رہے کہ 2024 میں بھی ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے اس وقت حراست میں لیا تھا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کی تھی۔ حکام کے مطابق وہ مختلف مقدمات میں تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں اور مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔اد رہے کہ اس سے قبل اپریل کے مہینے میں ڈکی بھائی کیخلاف دوران ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے پر مقدمات درج کیے گئے تھے۔ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر گاڑی چلائی اور یہ کہ ان کی گاڑی 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔ان کے خلاف راولپنڈی کے تھانے چکری اور لکسیاں میں دو الگ الگ مقدمات دائر کیے گئے تھے جس کے بعد اب انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت کروالی تھی۔
