پی ٹی اے کے مطابق دوسرے مرحلے میں جن لوگوں کے شناختی کارڈ کی مدت 2017 سے پہلے مکمل ہوچکی اور اس کی تجدید نہیں کروائی ان کی سمزکی بندش شروع کردی گئی ہے۔ پی ٹی اے حکام کا بتانا ہے کہ پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور پھرکینسل ہونے والے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئیں، 16 اگست سے لے کر اب تک 69 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز بند کی گئی ہیں جب کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جارہی ہیں جب کہ غیرقانونی سمز دہشتگردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نادرا سے حاصل ڈیٹا کی بنیاد پر غیرقانونی سمز کو بند کیا جارہا ہے، موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے جارہے ہیں، شہری سمز کی بندش سے بچنے کےلیے شناختی کارڈز کی تجدید کروائیں۔