وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے سوات دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشتگرد حملے میں شہید اہلکار کے اہل خانہ کی بھرپور مالی اعانت کی جائے گی، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سوات میں مالم جبہ روڈ پر پولیس موبائل کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا، بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس نے بتایاکہ پولیس وین 10 سے زائد ممالک کے سفیروں کی سکیورٹی قافلے میں شامل تھی، دھماکے میں تمام سفیرمحفوظ رہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ قافلے میں روس، ایران، پرتگال، انڈونیشیا، تاجکستان، قازقستان اور ایتھوپیا کے سفیر موجود تھے، واقعے کے بعد تمام سفیر اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تمام سفیر چمیبرآف کامرس مینگورہ کی تقریب میں شرکت کے بعد مالم جبہ جا رہے تھے۔