امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پلاسٹک کے اسٹرا استعمال کرنے کے حوالے سے بھی ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے پابندی واپس لے لی . ٹرمپ نے پیر کے روز امریکی حکومت اور عوام کو پلاسٹک اسٹرا کی خریداری کی ترغیب دینے کے حوالے سے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ پلاسٹک سے سمندر میں گھومنے والی شارکوں کو کوئی مسئلہ ہوگا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم پلاسٹک اسٹرا کی جانب واپس جارہے ہیں، انہوں نے وائٹ ہاؤس میں موجود صحافیوں کو کہا کہ کاغذ کے اسٹرا کسی کام کے نہیں۔سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی حکومت نے ماحول دوست پالیسیوں کے تحت نان بایوڈیگریڈیبل سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے اقدامات کیے تھے اور عالمی سطح پر پلاسٹک کی پیداوار پر قابو پانے کے معاہدے کی حمایت کی تھی۔ نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت ٹرمپ نے 2032 تک وفاقی علاقوں میں تمام سنگل یوز پلاسٹک مصنوعات کے استعمال کا خاتمے کی بائیڈن کی پالیسی کو بھی ختم کردیا ہے۔