پاکستان ایک بار پھر آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے کیلنڈر میں شامل نہ ہوسکا

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 18 ستمبر کو ہوگا جس میں بورڈ سرینام کے 7 ویں جائزے کی منظوری دے گا۔

اس سے قبل بھی آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے 9 اور 13 ستمبر کے اجلاسوں کا کیلنڈر جاری ہو چکا ہے، آج 9 ستمبر کے اجلاس میں بھوٹان کا کیس شامل ہے جب کہ 13 ستمبر کے اجلاس میں ناروے کا کیس شامل ہے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو ہوا تھا مگر ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کو تاحال 2 ارب ڈالر بیرونی فنانسنگ گیپ کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیرونی فنانسگ کی شرط پوری کرنے کے لیے پاکستان 1.75 ارب ڈالر کے کمرشل قرض کے لیے درخواست کر چکا ہے، پاکستان اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن سے 40 کروڑ ڈالر اور اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے 35 کروڑ ڈالر قرض کی درخواست بھی کرچکا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ پاکستان سعودی عرب سے بھی 1.2 ارب ڈالر قرض کی درخواست کر چکا ہے جب کہ سعودی عرب کے ساتھ مؤخر ادائیگیوں پر تیل لینے کی سہولت کے لیے بھی کوششں جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں