امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسئلے کا پُرامن حل تلاش کریں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر متحرک ہے اور مسلسل رابطے میں ہے۔ ترجمان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کریں گے تاکہ کشیدگی کو کم کرنے میں مدد دی جاسکےانہوں نے کہا کہ امریکا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دونوں فریقین سے رابطہ کر رہا ہے اور توقع ہے کہ وہ دونوں فریقین سے کہے گا کہ معاملات کو مزید کشیدہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مارکو روبیو دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی رابطے کریں گے تاکہ خطے میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان نے واضح کیا کہ امریکا مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور یہ معاملہ واشنگٹن کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ٹیمی بروس نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ خطے کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور پاکستان و انڈیا کی حکومتوں سے مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں
