عیسائیوں کے رومن کیتھولک فرقے کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس پانچ ہفتے سے زائد عرصے کے بعد اتوار کو عوام کے سامنے آئیں گے۔ویٹیکن کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ پوپ فرانسس اتوار کی دوپہر کو اسپتال کی کھڑکی پر آکر دعائیں دینا چاہتے ہیں۔پوپ فرانسس عام طور پر اتوار کو سینٹ پیٹرز اسکوائر پر ہفتہ وار دوپہر کی عبادت کرتے ہیں تاہم 9 فروری کو اسپتال جانے کے بعد سے وہ اپنا یہ معمول انجام نہیں دے سکے ہیں۔اس عرصے کے دوران پوپ فرانسس کو عوام نے صرف ایک بار دیکھا جب ویٹیکن نے گذشتہ ہفتے ان کی تصویر جاری کی تھی جس میں انہیں اسپتال کے گرجا گھر میں دعا کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ویٹیکن کا کہنا ہے کہ پوپ اس اتوار کو عبادت نہیں کرپائیں گے کیونکہ وہ ابھی نمونیا سے صحت یاب ہورہے ہیں تاہم وہ سلام کرنے کے لیے کھڑکی پرآئیں گے۔ویٹیکن کے چیف ڈاکٹرائن آفیشل کارڈینل وکٹر فرنانڈز نے کہا کہ پوپ بہتر ہو رہے ہیں لیکن ہائی فلو آکسیجن ہر چیز کو خشک کر دیتی ہے۔ انہیں دوبارہ بولنا سیکھنے کی ضرورت ہوگی لیکن ان کی مجموعی جسمانی حالت پہلے جیسی ہی ہے۔