صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں تحریکِ عدم اعتماد لانے اور حکومت بنانے کی منظوری دے دی۔پیپلزپارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کیا کہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں حکمرانی اور پارٹی کے کردار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔پیپلز پارٹی رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اپنی حکومت بنانے جا رہی ہے۔اس سے پہلے اجلاس کا پہلا سیشن چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں موجودہ وزیراعظم انوارالحق کو عہدے سے ہٹانے اور نئی حکومت بنانے سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی نے ان ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ برقرار رکھا، صدر زرداری نے آزادکشمیر میں حکومت بنانےکی منظوری دے دی ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پیر کے روز حکومت سازی کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری لطیف اکبر اور چوہدری یاسین کے ناموں پر غور کیا ہے۔پیپلز پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر مستعفی نہ ہوئے تو تحریکِ عدم اعتماد کے لے نمبرز پورے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ ن کو موجودہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی حمایت سے بدنامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا اس لیے حمایت ترک کر دی۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو چوہدری انوار الحق کی حمایت سے بدنامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا اس لیے حمایت ترک کر دی۔