امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا جس کے بعد اب بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا ہے۔ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت سے درآمدات پر موجودہ 25 فیصد ٹیرف کو اگلے 24 گھنٹوں میں نمایاں طور پر بڑھا دیں گے کیونکہ نئی دہلی نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھی ہوئی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کو روسی تیل خریدنے کی قیمت چکانا ہو گی۔ اور روس سے قربت پر بھارت کو سزا دی جائے گی۔صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت اچھا تجارتی پارٹنر نہیں بھارت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح وہ یوکرین میں جنگی مشین کو ایندھن فراہم کررہا ہے۔اپنے ایک بیان اور پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آج امریکی نمائندہ خصوصی وٹکوف روسی قیادت سے ماسکو میں ملاقات کریں گے جس کے بعد ماسکو سے تیل خریدنے والے ممالک پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
