بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ کالج اور اسکول پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش ایئر فورس کا ایف-7 بی جی آئی تربیتی طیارہ اُتّرا میں گر کر تباہ ہو گیا، یہ طیارہ دوپہر ایک بج کر 6 منٹ پر پرواز کے لیے روانہ ہوا تھا۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ ڈھاکہ کے شمالی میں واقع مائل اسٹون اسکول اینڈ کالج میں پیش آیا۔ڈھاکہ میڈیکل کالج اور اسپتال کے برن یونٹ کے سربراہ بدھن سرکر نے بتایا کہ ایک تیسری جماعت کا طالبعلم مردہ حالت میں لایا گیا جب کہ 12، 14 اور 40 سال کی عمر کے 3 زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا نیشنل انسٹیٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری کے ایک ڈاکٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے بچوں سمیت 50 سے زائد افراد کو ہسپتال لایا گیا ہے۔بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ ایئر فورس، طلبہ، والدین، اساتذہ، عملے اور دیگر افراد کو اس حادثے میں جو نقصان پہنچا ہے، وہ ناقابل تلافی ہے۔
