کراچی میں ای چالان جرمانوں پر رعایت کا اعلان

کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد ای چالان کے سلسلے میں شہریوں کے لیے اہم رعایتی پالیسی کا اعلان کردیا۔کراچی کے شہریوں کے لیے معافی مانگنے پر پہلا ای چالان منسوخ جب کہ 14 دن میں ادائیگی کی صورت میں چالان کی رقم 50 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق اگر کسی شہری کو پہلا چالان موصول ہو تو وہ معافی نامہ جمع کروا کر جرمانے سے استثنیٰ حاصل کرسکتا ہے جب کہ دوسری مرتبہ چالان ہونے کی صورت میں اگر شہری 14 دن کے اندر جرمانہ ادا کرے تو اسے 50 فیصد رعایت دی جائے گی تاہم 21 دن سے زائد تاخیر کی صورت میں مکمل جرمانہ ادا کرنا ہوگا.پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری مقررہ مدت میں چالان جمع کروا کر رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نئی پالیسی کا مقصد شہریوں کو بروقت ادائیگی کی ترغیب دینا اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت فیس لیس ای ٹکٹنک سسٹم اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق دوسرا جائزہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ نئے ٹریفک قوانین کی 50 خلاف ورزیوں کا جرمانہ 5 ہزار روپے تک ہے جب کہ جرمانے کی 14 یوم کے اندر ادائیگی کی صورت میں 50 فیصد تک رعایت دی گئی ہے جب کہ 50 خلاف ورزیوں کا رعایتی جرمانہ دو سے ڈھائی ہزار روپے تک ہے۔انہوں نے کہا کہ آگاہی اور تنبیہہ کے باوجود جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں جرمانہ بالترتیب بڑھتا جائے گا .اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت 59 خلاف ورزیوں کو مانیٹر اور جرمانہ کیا جارہا ہے صرف 9 انتہائی مہلک و سنگین خلاف ورزیوں پر 5 ہزار سے زائد جرمانہ مختص ہے جب کہ ون وے ، کم عمر بچوں کا ڈرائیونگ کرنا ، ون ویلنگ ، ڈرفٹنگ ،لائٹس کے بغیر ، غیر رجسٹرڈ گاڑیاں ، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ ، ٹریفک لائٹ سگنلز کی خلاف ورزی اور گاڑیوں کی غیر قانونی اوور ٹیکنگ سنگین خلاف ورزیوں میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں