پولیس نےامریکی شہری اونیجا اینڈریو رابنسن کی ملک بدری کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل ساؤتھ سید اسد رضا نے کہا ہے کہ ساؤتھ پولیس نے کراچی کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کو خط لکھا ہے کہ وہ امریکی خاتون کے علاج اور ملک بدری کے بارے میں وفاقی حکومت سے رہنمائی کے لیے حکومت سندھ سے رجوع کریں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ساؤتھ محظور علی کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی خاتون 11 اکتوبر 2024 کو کراچی پہنچی تھی۔ وہ اپنے آن لائن بننے والے دوست سے ملنے پاکستان آئی تھی جب کہ وہ نوجوان اس وقت سے منظر سے غائب ہے.کراچی آنے کے بعد سے، خاتون شہر میں ادھر ادھر گھوم رہی ہے جس سے اس کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔خط کے مطابق پولیس کے سربراہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حلقوں سے رجوع کریں تاکہ خاتون کی طبی امداد کی فراہمی کو جاری رکھنے کے حوالے سے رہنمائی حاصل کی جا سکے اور خاتون کو وطن واپس بھیجنے کا عمل شروع کیا جائے۔