کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹ میں ایک نجی گیسٹ ہاؤس میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق، جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ڈیفنس کے ایس ایچ او شاہد تاج نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ واقعہ کاروباری تنازع کا نتیجہ ہے جب کہ ان کا تیسرا دوست عبید موقع سے فرار ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 30 سالہ مصطفی کوثر اور زخمی کی شناخت 40 سالہ مجاہد علی کے نام سے ہوئی ہے یہ واقعہ ڈی ایچ اے فیز 7 کےمیری گولڈ گیسٹ ہاؤس میں پیش آیا ہلاک اور زخمی ہونے والے دونوں افراد اپنے ایک دوست کے ساتھ کاروبار کے سلسلے میں گیسٹ ہاؤس میں مقیم تھے۔پولیس کے مطابق یہ تینوں دوست کسی کاروبار کے سلسلے میں راولپنڈی سے کراچی آئے تھے 4 دن پہلے سوک کار میں سفر کرتے ہوئے شہر قائد پہنچے اور گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق زخمی مجاہد منگل کی شام 4 بجے یہ کہہ کر کمرے سے باہر آیا کہ وہ واش روم میں گر گیا ہے اور اسے چوٹیں آئی ہیں.گیسٹ ہاؤس کا عملہ کچھ گڑبڑ محسوس کرتے ہوئے کمرے میں گی جہاں انہوں نے مصطفیٰ کو گولیوں کے زخموں کے ساتھ مردہ حالت میں دیکھا، پولیس کے ذریعے حاصل کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ ان کا تیسرا دوست عبید پہلے ہی صبح 10 بجے وہاں سے چلا گیا تھا۔زخمی اور فرار ہونے والے دونوں افغان شہری تھے جب کہ متوفی راولپنڈی کا رہائشی تھا۔متوفی کے والد کوثر نے پولیس کو فون پر بتایا کہ دوستوں کے درمیان پیسوں کے لین دین پر کچھ تنازع تھا ان کے بیٹے کے پاس کافی نقد رقم تھی، جو غائب ہے. بعد ازاں پولیس نے زخمی مجاہد کو حراست میں لے لیا جس نے بتایا کہ وہ مشترکہ طور پر ایل ای ڈی کی خرید و فروخت کر رہے تھے۔