کراچی کا بے لگام ٹریفک شہریوں کی جان کا دشمن بن گیا ہے. کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 69 افراد جاں بحق اور 1043 زخمی ہوچکے ہیں۔ کراچی میں کہیں ٹریلر،کہیں ٹرک، کہیں ڈمپر تو کہیں بس روزانہ کسی نہ کسی کو کچل کر ہلاک یا زخمی کررہے ہیں۔چند گھنٹوں میں 2 خواتین اور 3 مرد اور ایک بچہ ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہار گئے.اشد منہاس روڈ ڈالمیا ملینیم مال کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی سمیت 3 افراد کو کچل دیا، جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ہلاک افراد کی شناخت مریم، کامران اور فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے.ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس احمد نواز چیمہ نے نیوز ویلی کو بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا کچرا اٹھانے والا ڈمپر جا رہا تھا کہ شام 5 بج کر 20 منٹ پر جوہر فلائی اوور سے اترتے ہوئے اس کے بریک فیل ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق مرد و خاتون میاں بیوی تھے، جبکہ تیسرے جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی، زخمی کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈمپر حادثےکا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہوگیا۔دوسرا حادثہ ملیر کھوکھرا پار میں پیش آیا جہاں خراب بس کو اسٹارٹ کرنے کے لیے دھکا لگایا جارہا تھا۔ بس اسٹارٹ ہوئی تو ڈرائیور نے ایکسیلریٹر پر پورا دباؤ ڈالا ہوا تھا، نتیجے میں بس بے قابو ہوکر قریب ایک رہائشی عمارت میں جاگھسی جس سے فوری طور پر ایک خاتون اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ بسمہ عمران اور ان کی شیر خوار بیٹی 3 سالہ ارم عمران کے نام سے ہوئی۔ جب کہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ بس ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔تیسرا حادثہ گلشن معمار میں پیش آیا جہاں گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوگئے۔