نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے گاڑی کے گہرے پانی میں چلے جانے اور خود کو بچانے سے متعلق آگاہی ویڈیو جاری کر دی۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے جانب سے جاری احتیاطی تدابیر کے مطابق ان حالات میں لوگوں کی جانب سے عام طور پر جو غلطی کی جاتی ہے وہ دروازہ کھولنے کی کوشش ہوتی ہے لیکن ایسا بالکل نہیں کرنا چاہیے۔گاڑی کے باہر پانی کا دباؤ بہت شدید ہوتا ہے جس سے دروازہ کھولنا تقریباً ناممکن ہو جاتا ہے اگر دروازہ کھل بھی جائے تو باہر سے زیادہ پانی اندر آئے گا جس سے گاڑی تیزی سے ڈوبنے لگے گی۔اس کے بجائے گاڑی میں موجود شخص کو چاہیے کہ فوراً ہی اپنی طرف کا شیشہ نیچے کرے اور گاڑی سے باہر نکل اگر شیشہ نیچے نہ ہورہا ہو تو سیٹ کی پشت پر لگا ہیڈ ریسٹ نکالے اور اس کی دھاتی نوک استعمال کرتے ہوئے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر باہر نکلے۔ویڈیو میں مزید دکھایا گیا کہ گاڑی کا اگلا حصہ بھاری ہوتا ہے پچھلا حصہ ہلکا ہونے کے باعث تھوڑی دیر تک تیرتا رہتا ہے اور یہی وہ وقت ہوتا ہے جب آپ کو فوری طور پر گاڑی سے باہر نکلنا ہوتا ہے۔ اسی وقت فوراً گاڑی سے باہر آ جائیں۔ان حالات میں چند لمحے اور درست فیصلہ آپ کی جان بچا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ منگل 22 جولائی کو اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈںگ کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور اس دوران ایک گاڑی کے پانی کے ریلے میں بہہ جانے سے باپ بیٹی ڈوب گئے تھے۔
