گووندا گولی لگنے سے زخمی، ہسپتال منتقل

بالی وڈ کے نامور اداکار وسیاست دان گووندا اپنی ہی ریوالور سے حادثاتی طور پر نکلنے والی گولی سے زخمی ہوگئے.

انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کے سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ بھارت کے نامور اداکار اور سیاستدان گووندا کو زخمی حالت میں ممبئی کے ایک ہسپتال لایا گیا ہے۔

انڈین نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے گوندا کے منیجر ششی سنہا نے بتایا کہ اداکار ایک پروگرام کے سلسلے میں کلکتہ جانے کی تیاری کررہے تھے۔

چونکہ وہ اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ اپنے ساتھ رکھتے ہیں اور بیگ میں رکھنے سے پہلے پستول کی صفائی کے دوران ان سے حادثاتی طور پر گولی چل گئی جو ان کے پیر میں لگی۔

انہوں نے کہا کہ گووندا کو زخمی حالت میں جوہو ممبئی میں ان کے گھر کے قریبی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے آپریشن کے بعد گولی نکال دی ہے اور اب اداکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس جلد واقعے سے متعلق ان کا بیان ریکارڈ کرے گی اور اس حوالے سے ان کی اہلیہ کا بیان بھی لیا جائے گا جو حادثے کے وقت ان کے ساتھ نہیں تھیں بلکہ وہ اس وقت کلکتہ میں تھیں جو حادثے کے بعد ممبئی پہنچ گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گووندا کا شمار بھارت کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے انڈسٹری کو 90 کی دہائی میں درجنوں سپر ہٹ فلمیں دیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں