بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس سے کل ملاقات ہوئی حکومت کے خلاف ہماری چارج شیٹ بہت لمبی ہے عدلیہ سے ہم زیادہ خوش نہیں ملاقات میں عدالتی رویہ سے متعلق گزارشات رکھیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیف جسٹس سےجمعہ ملاقات ہوئی تھی .انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ایسا سلوک کرنا جمہوریت اور قانون کے لیے ٹھیک نہیں ہے.چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کو سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما سینیٹر علی ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان نے ہمارا مؤقف سنا لیکن کوئی جواب نہیں دیا انہوں نے ملاقات کے آغاز پر ہی کہہ دیا تھا کہ اس ملاقات کا ایجنڈا عدالتی اصلاحات ہیں۔بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ چیف جسٹس نے کہہ دیا تھا کہ ہم جو کچھ بھی کہیں گے وہ ہمیں روکیں گے نہیں لیکن اس کا جواب نہیں دیں گے۔بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خطوط جس کے نام بھی گئے انہوں نے سنجیدہ معاملات کی طرف اشارہ کیا تاکہ فوج اور عوام میں خلیج نہ ہو پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات بلکل ٹھیک ہیں، کوئی فاروڈ بلاک نہیں۔