کراچی میں ہیوی ٹریفک کے خلاف شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا ہے جس کے بعد شہریوں نے معاملات اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے متعدد مال بردار ٹرکوں اور واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی ہے۔ واضح رہے کہ لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے تین مال بردار ٹرکوں کو آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق کورنگی نمبر 6 میں ایک ٹرک جبکہ لانڈھی میں دو ٹرکوں کو آگ لگا کر ملزمان فرار ہوگئے۔الکرم اسکوائر کے قریب بھی نامعلوم افراد نے مال بردار ٹرالر جلانے کی کوشش کی، لیکن علاقہ پولیس اور عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر فوری قابو پا کر ٹرالر جلنے سے بچا لیا گیا۔سرجانی ٹاؤن میں بھی عبداللہ موڑ کے قریب نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی، موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر کو روکا اور پیٹرول ڈال کے آگ لگائی جس پر ڈرائیور نے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ جس کے بعد واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن نے شہر میں پانی کی سپلائی روک دی ہے۔فوکل پرسن واٹر بورڈ شہباز بشیر نے بتایا کہ ٹریفک حادثات کے خلاف عوامی احتجاج کے باعث پانی کے ٹینکرز روک دیے گئے ہیں۔فوکل پرسن کے مطابق کراچی میں عوام کو پانی پہنچانے والے واٹر کارپوریشن کے تمام ٹینکرز بند کردیے گئے۔فوکل پرسن نے بتایا کہ کراچی کے تمام 6 ہائیڈرنٹس سے روز 1500 ٹینکرز سے پانی کی ترسیل کی جاتی ہے تاہم موجودہ صورتحال میں واٹر ٹینکرز مالکان اور عملہ خوف کے باعث کام سے انکاری ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں ڈمپر، واٹرٹینکر اور دیگر ہیوی ٹریفک کی وجہ سے آئے روز حادثات کی وجہ سے انسانی جانوں کا نقصان ہورہا ہے جس کے باعث لانڈھی میں منگل کی صبح مشتعل افراد نے 3 مال بردار ٹرکوں کو آگ لگادی۔