صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو نشانہ نہ بنانے کے انتباہات کے باوجود یورپی یونین نے گوگل کو اپنی اشتہاری خدمات کی حمایت کرنے پر3.47 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا۔جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گوگل پر عائد جرمانہ واپس نہ لینے کی صورت میں یورپی یونین کو اقتصادی پابندیوں کی دھمکی دیدی۔ یورپی یونین کی اینٹی ٹرسٹ کمشنر ٹریسا ریبیرا نے کہا کہ گوگل نے ایڈٹیک میں اپنی غالب پوزیشن کا غلط استعمال کیا، پبلشرز، مشتہرین اور صارفین کو نقصان پہنچایا یہ رویہ یورپی یونین اینٹی ٹرسٹ قوانین کے تحت غیر قانونی ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر نے یورپی یونین کا جرمانہ غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوگل پرجرمانہ واپس نہ لیا گیا تو ردعمل کاسامناکرناپڑےگا اور وہ ایسی تحقیقات شروع کریں گے جس کے نتیجے میں یورپ پر مزید ٹیرف عائد ہو سکتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم امریکی کمپنیوں کی شاندار اور بے مثال اختراعات کو یورپی جرمانوں کے نیچے دبنے نہیں دیں گے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو مجھے سیکشن 301 کے تحت کارروائی کرنا پڑے گی تاکہ ان غیر منصفانہ جرمانوں کو کالعدم قرار دیا جا سکے۔گوگل نے کہا کہ کمیشن کا فیصلہ غلط ہے اور وہ اپیل کریں گے۔گوگل کے عالمی سربراہ برائے ریگولیٹری امور لی-این ملہولینڈ نے کہا کہ یہ ایک بلاجواز جرمانہ ہے اور ایسی تبدیلیاں ہزاروں یورپی کاروباروں کو نقصان پہنچائیں گے اور ان کے لیے پیسہ کمانا مشکل ہو جائے گا۔
