امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے اوول آفس میں تلخ کلامی پر ٹرمپ سے معافی مانگ لی.امریکی صدر کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ یوکرین کے صدرزیلنسکی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خط بھیج کر اوول آفس واقعہ پر معافی مانگ لی ہے۔وٹکوف نے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا زیلنسکی نے صدر کو خط بھیجا ہے اور اس واقعے پر معذرت کی ہے جو اوول آفس میں پیش آیا تھا.اوول آفس میں ہونے والی کشیدہ ملاقات کے بعد زیلنسکی نے اسے افسوسناک قرار دیا تھا تاہم تب انہوں نے باضابطہ معذرت سے گریز کیا تھا۔اس کے باوجود انہوں نے مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے آمادگی ظاہر کی جہاں دونوں ممالک کے درمیان معدنی وسائل کے معاہدے پر تبادلہ خیال ہونا تھا۔رپورٹ کے مطابق صدر زیلنسکی کی جانب سے امریکی صدر کے نام مبینہ اس خط کے بعد یہ بھی بتایا گیا ہےکہ امریکا کے صدرٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں وہ روس کے صدر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔تاہم ابھی اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔واضح رہے گزشتہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلنسکی میں ملاقات کے دوران تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد ٹرمپ نے یوکرینی صدر کو وائٹ ہاؤس سے بھیج کر کہا کہ زیلنسکی امن کیلئے تیار نہیں جب وہ امن کیلئے تیار ہوں تو واپس آ سکتے ہیں۔